پی ٹی آئی رہنمائوں کی رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات، عمران خان کی صحت اور مقدمات میں تاخیر پر تشویش کا اظہار

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ اور لطیف کھوسہ رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات کے لیے سپریم کورٹ پہنچے اور تمام پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے دستخطوں کے ساتھ یادداشت پیش کی۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بانی پاکستان تحریکِ انصاف کی صحت، زیر التوا مقدمات اور عدالتی کارروائیوں میں تاخیر پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی کی صحت پورے ملک کے لیے ایک اہم مسئلہ ہے اور اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک وہ 16 مرتبہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سے ملاقات کر چکے ہیں، جبکہ یہ ان کی 10ویں مرتبہ سپریم کورٹ میں حاضری ہے، مگر مقدمات ابھی تک مقرر نہیں کیے گئے۔ 17 جنوری کو فیصلہ ہو چکا تھا، تاہم سماعت کے لیے کیس تاحال مقرر نہیں کیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جیل مینوئل رولز کے تحت قیدی کے اہلِ خانہ اور معالج کو باقاعدہ آگاہ کرنا لازم ہے، مگر بانی کے علاج کے معاملے میں جھوٹ بولا گیا۔ ابتدا میں کہا گیا کہ علاج نہیں ہوا، بعد ازاں علاج تسلیم کیا گیا، مگر دستاویزی ثبوت فراہم نہیں کیے گئے۔

بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ وہ آئینی عدالت کا کوئی بائیکاٹ نہیں کر رہے، تاہم 26 ویں اور 27 ویں آئینی ترامیم پر شدید تحفظات ہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ بانی تک رسائی ممکن بنائی جائے اور تمام زیرِ التوا فوجداری مقدمات انصاف کے تقاضوں کے مطابق فوری نمٹائے جائیں۔

اس موقع پر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ چیف جسٹس نے پمز اسپتال سے میڈیکل رپورٹ فراہم کرنے کا کہا تھا، مگر تاحال رپورٹ نہیں دی گئی۔ انہوں نے بلوچستان میں روزانہ پیش آنے والے افسوسناک واقعات کی جانب بھی توجہ دلائی اور کہا کہ ایسے حالات میں بسنت کا فیسٹیول منانا مناسب نہیں، اور اس پر قومی غور و فکر ضروری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button