انسداد پولیو مہم: ٹھٹھہ میں فول پروف سیکیورٹی، 436 پولیس اہلکار تعینات،ایس ایس پی فاروق احمد بجارانی

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن / نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)انسدادِ پولیو مہم کے سلسلے میں ضلع ٹھٹھہ بھر میں سخت فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ یہ انتظامات آئی جی پی سندھ جاوید عالم اوڈھو اور ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رزاق دہاریجو کی ہدایات پر ایس ایس پی ٹھٹھہ فاروق احمد بجارانی کی نگرانی میں کیے گئے۔
ایس ایس پی ٹھٹھہ کے مطابق 2 فروری 2026 بروز پیر سے شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کے دوران 436 پولیس افسران اور اہلکار اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ پولیو ورکرز کو پولیس حصار میں فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنی خدمات سرانجام دے سکیں۔
ایس ایس پی ٹھٹھہ نے تمام فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں جاری کردہ سیکیورٹی پلان پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔ تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو پولیو ٹیموں کے ساتھ پولیس نفری تعینات کرنے، درپیش مسائل پر فوری رسپانس، پیٹرولنگ، پکٹنگ اور سول انتظامیہ سے مؤثر رابطے برقرار رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام افسران اپنی نفری کو باقاعدہ بریفنگ دیں گے اور پولیو مہم کی حساسیت، پولیو ورکرز کی حفاظت اور سیکیورٹی ذمہ داریوں سے آگاہ کریں گے۔ دورانِ مہم قائم کنٹرول روم کے ساتھ لمحہ بہ لمحہ رابطہ رکھا جائے گا اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی فوری اطلاع دی جائے گی۔
ایس ایس پی ٹھٹھہ نے واضح کیا کہ پولیو مہم کے دوران کسی بھی قسم کی لاپرواہی یا غفلت ناقابلِ قبول ہوگی۔ انسدادِ پولیو مہم ایک اہم قومی فریضہ ہے جس میں پولیس فورس کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ تمام پوائنٹس پر ٹیموں کی حفاظت یقینی بنائی جائے گی اور مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔



