ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کی صدارت میں اجلاس،3لاکھ بچوں کو پولیو قطرے پلانے کی تیاری،1251ٹیمیں تشکیل،سکیورٹی انتظامات سخت

مٹھی(رپورٹ : میندھرو کاجھروی) ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کی صدارت میں پولیو کمیٹی کا اجلاس، پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی صدارت میں ضلعی پولیو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پولیو مہم کے حوالے سے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے کہا کہ ضلع تھرپارکر میں 02 فروری 2026 سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کی نگرانی یونین کونسل سطح تک کی جائے گی تاکہ معصوم بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے مزید کہا کہ پولیو مہم کے دوران ضلع تھرپارکر کے داخلی اور خارجی راستوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، اسی سلسلے میں داخلی و خارجی راستوں پر قائم چیک پوسٹوں پر پولیس اور پولیو ورکرز تعینات کیے گئے ہیں جو دن رات اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران سو فیصد کامیابی حاصل کرنے کے لیے ہم سب کو مل کر محنت کرنا ہوگی تاکہ ہمیشہ کی طرح ضلع تھرپارکر کو پولیو فری ضلع برقرار رکھا جا سکے۔ پولیو مہم کی کامیابی کے لیے ایک جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے، جس کے تحت یونین کونسل سطح تک نگرانی کی جائے گی۔ اجلاس میں ایس ایس پی تھرپارکر محمد شعیب میمن نے پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیو مہم کے دوران سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ضلع کے تمام داخلی راستوں پر قائم پولیس چوکیوں پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے، اس کے ساتھ ساتھ پولیو ورکرز کی حفاظت کے لیے بھی سیکیورٹی کا بندوبست کیا گیا ہے، جہاں بھی ضرورت ہوگی وہاں پولیس نفری فراہم کی جائے گی۔ تھرپارکر پولیس پولیو ورکرز کے ساتھ ہر وقت رابطے میں رہے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی مقرر کی گئی ہیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیو مہم کے دوران محکمہ صحت تھرپارکر کی جانب سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ضلع تھرپارکر میں پانچ سال تک کی عمر کے تین لاکھ پندرہ ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے محکمہ صحت تھرپارکر کی جانب سے 1251 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا کام انجام دیں گی، اس کے علاوہ 72 فکسڈ پوائنٹس بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں پولیو ورکرز تعینات ہوں گے۔ تمام پولیو ورکرز کو باقاعدہ تربیت بھی دی گئی ہے۔ اجلاس میں تمام تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، مختیارکار، ریونیو، تعلیم، پولیس، لوکل گورنمنٹ، سوشل ویلفیئر اور محکمہ صحت تھرپارکر سمیت تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button