ڈپٹی کمشنر گھوٹکی نےپولیو مہم کا آغاز کردیا، 4 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

گھوٹکی(رپورٹ وجے کمار چاولہ)ضلع گھوٹکی کے 4 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے انتظامات مکمل، ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی نے مہم کا افتتاح کر دیا جبکہ آگاہی ریلی بھی نکالی گئی۔ خبر کے مطابق ضلع گھوٹکی میں 13 سے 16 اپریل تک پولیو مہم جاری رہے گی جس کا افتتاح ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی نے پی پی ایچ آئی کے سینٹر میرپور ماتھیلو میں بچوں کو حفاظتی قطرے پلا کر کیا۔ اس موقع پر این اسٹاپ آفیسر ڈاکٹر ظہیر ڈومکی، ڈی ایم پی پی ایچ آئی عارف عباسی، ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر نیاز اور یونیسف کے ڈاکٹر رحیم گڈا نی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیو سمیت خسرہ اور چکن پاکس کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کی جائے تاکہ وہ اپنے بچوں کو خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ اس سلسلے میں ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ یہ ہم سب کا مشترکہ قومی فرض اور سماجی بھلائی کا کام ہے۔ انہوں نے پولیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ گھر گھر جا کر ضلع کے تمام بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں، اس سلسلے میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں پولیو وائرس کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کے لیے ریلی بھی نکالی گئی۔ واضع رہے کہ ضلع گھوٹکی کے 4 لاکھ 8 ہزار 651 بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے، جس کے لیے 1360 ٹیمیں تشکیل دے کر تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔



