تھرپارکر میں انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح، 13 اپریل سے مہم شروع کرنے کا اعلان

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی نے آج سول اسپتال میں ضلع کونسل تھرپارکر کے چیئرمین ڈاکٹر غلام حیدر سمیجو اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی کے ہمراہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر ضلع میں 13 اپریل سے شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر عبدالحلیم جاگیرانی، چیئرمین ضلع کونسل ڈاکٹر غلام حیدر سمیجو اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی کی قیادت میں سول اسپتال مٹھی سے آگاہی واک/ریلی نکالی گئی، جس میں محکمہ صحت کے افسران، پی پی ایچ آئی، ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف، میڈیا اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

آگاہی واک کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور دیگر مقررین نے کہا کہ پولیو کو ایک حساس بیماری نہیں سمجھا جاتا، جو ایک بڑی غلطی ہے، کیونکہ پولیو ایک خطرناک مرض ہے جو بچوں کو ہمیشہ کے لیے معذور بنا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیو سے بچاؤ کا واحد مؤثر حل بچوں کو حفاظتی قطرے پلانا ہے، لہٰذا والدین سمیت ہر ذمہ دار شہری کا فرض ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنایا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button