خیبرپختونخوا میں2ماہ کیلئے فیول بچت اقدامات نافذ

سرکاری دفاتر میں50فیصد ورک فرام ہوم پالیسی متعارف،جمعہ کو تعلیمی ادارے بند رکھنے کی تجویز

 پشاور(جانوڈاٹ پی کے)بین الاقوامی صورتحال کے تناظر میں خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں 2 ماہ کیلئے فیول بچت اقدامات نافذ کردیے۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ معاون خصوصی اطلاعات شفیع جان کے مطابق صوبائی کابینہ نے وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر دو ماہ کے لئے فیول بچت اقدامات نافذ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

شفیع اللہ جان نے کہا کہ بچت اقدامات میں توسیع صورتحال کے تجزیے کے بعد ہوگی، سرکاری محکموں میں میٹنگز کو 100 فیصد ورچوئل (آنلائن) کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کابینہ نے سرکاری گاڑیوں کے فیول الاؤنس میں 25 فیصد کمی کی منظوری دے دی۔ اس کٹوتی سے مجموعی کٹوتی 50 فیصد ہوگئی ہے، 25 فیصد کٹوتی کووڈ اقدامات کے وقت سے نافذ العمل ہے۔

شفیع اللہ جان نے کہا کہ پولیس، ریسکیو اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فیول کٹوتی سے مستثنیٰ ہوں گے، سرکاری دفاتر میں 50 فیصد ورک فرام ہوم پالیسی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جمعہ کے دن تعلیمی ادارے بند رکھنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ فیول استعمال میں کمی لائی جا سکے، اس کے ساتھ ورچوئل کلاسز کو ترجیح دی جائے گی۔

معاون خصوصی اطلاعات کے مطابق کابینہ نے وی آئی پی پروٹوکول گاڑیوں اور ہیلی کاپٹر کے غیر ضروری استعمال میں بڑی کمی کا فیصلہ کیا ہے، سرکاری اخراجات میں کفایت شعاری، غیر ضروری تقریبات اور سرکاری ڈنرز پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button