میرپورخاص: پولیس میں بھرتی امیدواروں کا آفر لیٹرز میں تاخیر کے خلاف احتجاجی ریلی

میرپورخاص (شاھدمیمن) پولیس میں بھرتیوں کے منتظر آئی بی اے ٹیسٹ پاس امیدواروں نے آفر لیٹرز کے اجراء میں تاخیر کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی ریلی نکالی اور احتجاج کیا، مظاہرین نے ریلی کے دوران سخت نعرے بازی کی اور حکومتِ سندھ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مظفر علی جوکھیو، عمیر بھرگڑی، ممتاز علی شر، عبدالمناف تھیبو اور دیگر نے کہا کہ سندھ پولیس میں 50 ہزار سے زائد آسامیاں خالی ہیں مگر اس کے باوجود میرٹ پر پاس ہونے والے امیدواروں کو آفر آرڈرز جاری نہیں کئے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اگر حکومت سندھ نے 72 گھنٹوں کے اندر ویٹنگ امیدواروں کو آفر آرڈر جاری نہ کئے تو وہ 15 دسمبر کو کراچی پریس کلب سے وزیراعلیٰ ہاؤس تک پرامن احتجاجی مارچ کریں گے مقررین نے مزید بتایا کہ عمرکوٹ، دادو، ٹنڈوالہیار، تھرپارکر سمیت مختلف اضلاع میں بھرتیوں کے سلسلے ناکام امیدواروں کی جانب سے عدالتوں سے اسٹے آڈر لئے ہیں انہیں فوری ختم کیا جائے اور میرٹ پر آنے والے غریب امیدواروں کو فوری آفر آرڈرز جاری کئے جائیں تاکہ وہ روزگار حاصل کر سکیں مظاہرین نے کہا کہ وہ پرامن طریقے سے اپنے حقوق کا مطالبہ کر رہے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ حکومت فوری اقدامات کرتے ہوئے نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنائے گی۔



