تھرپارکر پولیس میں 22 امیدواروں کی بھرتی، ایس ایس پی شعیب میمن نے تقرری آرڈرز تقسیم کیے

مٹھی (رپورٹ: میندھرو کاجھروی / جانو ڈاٹ پی کے)انسپیکٹر جنرل آف پولیس سندھ غلام نبی میمن کے احکامات اور ڈی آئی جی میرپورخاص رینج زبیر احمد دریشک کی ہدایات پر سندھ پبلک سروس کمیشن کی جاری کردہ میرٹ لسٹ کے مطابق تھرپارکر پولیس میں بھرتی ہونے والے 22 امیدواروں کو تقرری کے آرڈرز جاری کر دیے گئے۔
اس سلسلے میں ایس پی آفس مٹھی میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں 1 لیڈی پولیس ای ایس آئی اور 21 پولیس ای ایس آئی شامل تھے، جنہیں باقاعدہ طور پر اپائنٹمنٹ آرڈرز حوالے کیے گئے۔
ایس ایس پی تھرپارکر محمد شعیب میمن نے تمام امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج سے آپ محکمہ پولیس کا حصہ بن رہے ہیں۔ ادارے کا وقار، فرض کی ادائیگی، دیانتداری اور نظم و ضبط آپ کی اولین ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرٹ پر کی جانے والی یہ بھرتیاں محکمہ پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ ایس ایس پی نے امید ظاہر کی کہ تمام نئے اہلکار اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور لگن کے ساتھ سرانجام دیں گے۔



