سکھر: رونتے کچے میں پولیس کا کامیاب آپریشن، 2 بدنامِ زمانہ ڈاکو ہلاک

سکھر(جانوڈاٹ پی کے) رونتے کچے میں پولیس کا کامیاب آپریشن، دو بدنامِ زمانہ ڈاکو ہلاک
پولیس اور ڈاکوؤں میں شدید فائرنگ، علاقہ کلیئر، اسلحہ برآمد،ڈی آئی جی سکھر ناصر آفتاب کی قیادت میں ایس ایس پی خیرپور اور پنجاب کیمپ کے انچارج ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی نگرانی میں رونتے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف ایک بھرپور اور کامیاب پولیس آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو بدنامِ زمانہ ڈاکو ملائو کوش اور ڈاڈو کوش ہلاک ہو گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں ڈاکو متعدد سنگین جرائم میں ملوث تھے، جن میں اغوا برائے تاوان، راہزنی، بھتہ خوری اور پولیس پر حملے شامل ہیں۔ یہ عناصر طویل عرصے سے رونتے کچے اور گردونواح کے علاقوں میں خوف و ہراس پھیلائے ہوئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کو کچے کے علاقے میں جرائم کے خاتمے کی جانب ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق آپریشن انتہائی پیشہ ورانہ حکمتِ عملی کے تحت انجام دیا گیا، جس میں پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔ فائرنگ کے دوران پولیس اہلکار محفوظ رہے جبکہ ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کر لیا گیا۔ کارروائی کے بعد پولیس نے ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر مشتبہ سامان بھی برآمد کر لیا ہے۔ڈی آئی جی ناصر آفتاب اور ایس ایس پی خیرپور نے کامیاب آپریشن پر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کچے کے علاقوں میں امن و امان کی بحالی کے لیے پولیس پوری طرح پرعزم ہے۔پنجاب کیمپ کے انچارج ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ کچے کے علاقے کو مکمل طور پر جرائم سے پاک کیا جائے گا اور ڈاکوؤں کے خلاف آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔ پولیس حکام کے مطابق علاقے میں سرچ اور کومبنگ آپریشن بھی جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔



