ٹھٹھہ : خطرناک ڈکیت پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار

ٹھٹھہ(جاوید لطیف میمن، نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)ٹھٹھہ پولیس نے مقابلے کے دوران رہزنی، ڈکیتی اور موٹر سائیکل سنیچنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ایک ملزم کو اسلحہ سمیت زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

ڈی آئی جی پولیس حیدرآباد رینج طارق رزاق خان دھاریجو کے احکامات کی روشنی میں اور ایس ایس پی ٹھٹھہ فاروق احمد بجارانی کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

پولیس کے مطابق تھانہ ٹھٹھہ کی حدود بائی پاس ٹھٹھہ–سجاول روڈ پر پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

گرفتار زخمی ملزم کی شناخت شہزاد علی ولد نیاز احمد چانڈیو، ساکن گھارو کے طور پر ہوئی ہے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزم تھانہ گھارو، دہابیجی، ساکرو اور دیگر علاقوں میں رابری، ڈکیتی اور موٹر سائیکل چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔

پولیس نے ملزم کے قبضے سے جرائم میں استعمال ہونے والا پستول بھی برآمد کر لیا ہے۔ زخمی ملزم کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ اس کا مزید کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے فرار ہونے والے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button