شکارپور:پولیس کا کریک ڈاؤن؛ اقدامِ قتل کا ملزم اور منشیات فروش گرفتار، 450 گرام چرس برآمد

شکارپور ( سیف مصطفیٰ / نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) شکارپور پولیس کی جرائم پیشہ عناصر اور منشیات سمگلرز کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران تھانہ کرن پولیس نے دو مختلف مقامات پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پہلی کارروائی میں تھانہ کرن پولیس نے اقدامِ قتل کے ایک مقدمے میں مطلوب ملزم کو گرفتار کیا، گرفتار ملزم تھانہ شاہ لطیف، ضلع ملیر کراچی میں درج مقدمے میں پولیس کو مطلوب تھا، دوسری کارروائی کے دوران تھانہ کرن پولیس نے شکارپور–لاڑکانہ روڈ پر منشیات فروش ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے 450 گرام چرس برآمد کی گئی، جس پر ملزم کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے، گرفتار ملزمان کی شناخت آکاش کلہوڑو اور امداد علی کاکیپوٹو کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کے خلاف مختلف نوعیت کے جرائم میں سابقہ ریکارڈ کی جانچ بھی کی جا رہی ہے۔ یہ کامیاب کارروائیاں ایس ایچ او تھانہ کرن عبدالمجید گوپانگ اور اے ایس آئی ندیم احمد سومرو نے پولیس اسٹاف کے ہمراہ* اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور حکمتِ عملی کے تحت انجام دیں۔ اس موقع پر ایس ایس پی شکارپور شاہزیب چاچڑ نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں جرائم اور منشیات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button