لاڑکانہ میں مبینہ پولیس مقابلہ، وڈیو منظرعام پر آنے کے بعد اہلکار معطل و گرفتار

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) لاڑکانہ میں پولیس کے مبینہ مقابلے میں مبینہ ڈاکو کی ہلاکت کی وڈیو منظر عام پر آنے کے بعد تھانہ حیدری کے پولیس اہلکار عرض محمد جتوئی کو معطل کرکے گرفتار کرلیا گیا ہے. منظر عام پر آنے والی وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مبینہ ڈاکو علی گوہر کلہوڑو زخمی حالت میں سڑک پر پڑا ہوا ہے جس وہاں موجود پولیس اہلکار گالیاں دے رہے ہیں اور بعد میں پولیس اہلکار عرض محمد جتوئی نے علی گوہر پر فائرنگ کرکے قتل کردیا. اس واقعے کو 5 روز گذر چکے ہیں جبکہ واقعے کے بعد پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ مقابلے میں علی گوہر کلہوڑو نامی ڈاکو کو ہلاک کیا گیا جبکہ ڈاکو کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا تھا. پولیس نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ ہلاک ڈاکو 11 سے زائد مقدمات میں مختلف اضلاع کی پولیس کو مطلوب تھا. ادھر واقعے کی وڈیو سامنے آنے پر پولیس کے اوپر بہت سارے سوالات اٹھ گئے ہیں. ایس ایس پی احمد چودھری نے نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار پولیس اہلکار کو معطل کرکے گرفتار تو کروا لیا ہے تاہم ابھی تک اس کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کی گئی ہے. ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ایس ایس پی جیکب آباد محمد کلیم ملک کو انکوائری افسر مقرر کردیا ہے.



