جنگ کا خطرہ:پولش وزیراعظم کی اپنے شہریوں کو فوری طور پر ایران چھوڑنے کی ہدایت

وارسا(جانوڈاٹ پی کے)پولینڈ کے وزیر اعظم ڈونلڈ ٹسک نے اپنے شہریوں کو فوری طور پر ایران چھوڑنے کی ہدایت کردی۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹسک نے خبردار کیا ہے کہ خطے میں جنگ کے خدشے کے باعث ممکن ہے کہ چند گھنٹوں بعد انخلا ممکن نہ بھی رہ سکے۔
وزیر اعظم ٹسک نے جمعرات کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ پولینڈ کے شہری فوراً ایران سے نکل جائیں اور کسی بھی صورت میں اس ملک کا سفر نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ’براہِ کرم فوری طور پر ایران چھوڑ دیں۔۔۔ اور کسی بھی حالت میں اس ملک کا رخ نہ کریں‘۔
پولینڈ کی حکومت کی جانب سے یہ انتباہ ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب خطے میں کشیدگی میں اضافے اور ممکنہ عسکری تصادم کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ امریکی فوج اس ہفتے کے آخر تک ایران پر حملہ کرسکتی ہے تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس بارے میں ابھی تک حتمی فیصلہ نہیں کیا۔
امریکی میڈیا نے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی پر غور و فکر میں کافی وقت صرف کیا جارہا ہے اورساتھ ہی مختلف عسکری اور سیاسی پہلوؤں کا جائزہ بھی لیا جارہا ہے۔ صدر ٹرمپ بھی اس بارے میں بہت زیادہ وقت سوچنےمیں گزار رہے ہیں۔
امریکی میڈیا نے مزید بتایا کہ فوجی اہلکار اپنی تیاریاں مکمل کر چکے ہیں اور خطے میں کسی بھی ہنگامی کارروائی کے لیے الرٹ ہیں۔
دوسری جانب ایران پر ممکنہ امریکی حملے کے خدشے کے پیش نظر اسرائیل میں سکیورٹی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا جبکہ شہریوں کو بنکرز کے قریب رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔



