وزیراعظم کا کویتی ولی عہد،عمانی سلطان سے ٹیلیفونک رابطہ،سفارتکاری کے ذریعے معاملات حل کرنے پر زور

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم نے کویت کےولی عہد صباح الخالد الحمد المبارک الصباح اور عمان کے سلطان ہیثم بن طارق سے ٹیلی فونک رابطے کیئے جس دوران شہباز شریف نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے اختلافات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں رہنماؤں کے ساتھ عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر مبارکباد کا تبادلہ کیا۔ کویت کے ولی عہد صباح الخالد سے گفتگو میں وزیراعظم نے کویت اور پوری امت مسلمہ کے لیے امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے حوالے سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کویت پرحملوں کی مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کویت کے ولی عہد کو اپنی سہولت کے مطابق پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔

وزیراعظم نے عمان کے سلطان ہیثم بن طارق سے ٹیلی فونک گفتگو میں انہیں بھی عید کی مبارک دی۔گفتگو میں موجودہ علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے عمان کے مختلف علاقوں میں حملوں کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع پر عمانی عوام کے ساتھ پاکستان کی طرف سے یکجہتی کا اظہار کیا اور خطے میں امن، استحکام اور تعمیری مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور عمان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے عمان کے سلطان کو بھی پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔

مزید خبریں

Back to top button