وزیراعظم شہباز شریف کا قطر کے امیر کو قومی دن پر دلی مبارکباد، تعلقات مضبوط بنانے کا عزم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور قطر کے قومی دن کے موقع پر امیرِ قطر، شاہی خاندان، حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے قطر کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امیرِ قطر کی دوراندیش قیادت اور عالمی سطح پر قطر کے مؤثر کردار کو سراہتے ہوئے پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ اور کثیرالجہتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے غزہ میں قیامِ امن کے لیے قطر کی قابلِ قدر سفارتی کوششوں کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے پاک افغان کشیدگی میں کمی کے لیے قطر کی جانب سے مذاکرات میں سہولت کاری کے کردار کو بھی سراہا۔ اس موقع پر امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے قومی دن پر مبارکباد دینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔



