وزیراعظم کاپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا عالمی منڈی میں تیل کی مزید قیمتیں بڑھنے کے باوجود عوام سے کئے گئے وعدے کے مطابق اس مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے ہفتہ وار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے یا ردوبدل کی سمری موصول ہونے پر اپنا بیان جاری کیا اور کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید بڑھی ہیں مگر اس بار عام آدمی کا بوجھ کم کرنے کے لیے قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اپنے وعدے کے مطابق جتنا ممکن ہوسکا ان مشکل حالات میں عوام تک ریلیف پہنچائیں گے، خطے میں کشیدگی کی وجہ سے عالمی معیشت اس وقت دباؤ میں ہے جسکے پاکستان کی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بروقت پالیسی سازی، حکومت کی جانب سے بچت کے اقدامات اور مالی نظم و ضبط کی بدولت اس صورتحال سے احسن طور سے انسانی حد تک نمٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے، بطور خادم پاکستان ان مشکل حالات میں غریب آدمی پر بوجھ کم کرنےکیلئے اس ملک کی اشرافیہ اور حکومت سے شروعات کا عزم کیا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت میں بچت اقدامات کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتیں بھی ان اقدامات میں وفاقی حکومت کا بھرپور ساتھ دے رہی ہیں جو خوش آئند ہے، اللہ کے فضل و کرم سے سفارتی اور معاشی ٹیم کی کوششوں کی بدولت خام تیل کی ملکی ضرویات کیلئے مناسب مقدار میسر ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں مل کر کسی کو بھی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمت سے زائد قیمت کی وصولی کی روک تھام یقینی بنا رہی ہیں، دعا گو ہیں کہ عالمی سطح پر حالات بہتر ہوں اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آئے۔



