پنکی ڈون کے ہوشرُبا انکشافات،اسلام آباد سے سندھ کے سیاسی ایوانوں تک منشیات کا جال بے نقاب!

کراچی/اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے)’کوکین کوین’ انمول عرف پنکی کی گرفتاری کے بعد تفتیش کا دائرہ کار وسیع ہو گیا ہے، جس میں کئی بااثر سیاسی اور سماجی شخصیات کے نام سامنے آ رہے ہیں۔ پنکی نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا ہے کہ اس کا نیٹ ورک صرف کراچی تک محدود نہیں تھا بلکہ اس نے اسلام آباد کی ایلیٹ کلاس پارٹیوں میں بھی منشیات کی مارکیٹنگ کی اور باقاعدہ ‘انسنٹیو پیکجز’ متعارف کروائے۔رپورٹ کے مطابق، سندھ پولیس نے اس کیس کی تحقیقات کے لیے تین خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی سی سی پی او لاہور کو ہدایت کی ہے کہ پنکی کو پنجاب پولیس کی تحویل میں لے کر لاہور میں درج مقدمات کی تفتیش کی جائے۔ انکشاف ہوا ہے کہ سندھ کی ایک انتہائی بااثر سیاسی شخصیت کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے، جن کے روابط منشیات کے اس عالمی نیٹ ورک سے جڑے ہونے کا شبہ ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما اور ایم این اے اقبال افریدی کے حوالے سے ایک بڑا انکشاف سامنے آیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، اقبال افریدی کے بیٹے نے پاکستان کا ‘بلیو پاسپورٹ’ (جو کہ خاص سرکاری پروٹوکول کے لیے ہوتا ہے) استعمال کرتے ہوئے اٹلی میں سیاسی پناہ (Asylum) حاصل کر لی ہے۔ اقبال افریدی نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عمران خان رہا نہیں ہوتے تو اس ملک میں رہنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ یوں ایک طرف پی ٹی آئی ورکرز کو احتجاج کے لیے اکسایا جاتا ہے اور دوسری طرف ان کے اپنے بچے سرکاری پروٹوکول پر بیرونِ ملک پناہ لے رہے ہیں۔




