بچوں کے معمولی جھگڑے سے فائرنگ، پنگریو میں دو افراد زخمی، ایک کی حالت تشویشناک

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے) پنگریو کے نواحی گاؤں خدا بخش ہسبانی میں بچوں کے معمولی تنازع نے شدت اختیار کر لی، جس کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں الٰہی بخش ہسبانی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جبکہ اصغر ہسبانی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ذرائع کے مطابق ہسبانی برادری کی دو فریقین کے درمیان ابتدا میں تلخ کلامی ہوئی، جو مسلح تصادم میں بدل گئی۔ فائرنگ کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد الٰہی بخش کو مزید علاج کے لیے حیدرآباد ریفر کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور پنگریو پولیس موقع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں لائی۔ پولیس ذرائع کے مطابق تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تاہم فوری گرفتاری نہیں ہوئی اور مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ پولیس نے مزید تصادم روکنے کے لیے گاؤں میں نفری تعینات کر دی ہے۔



