حج 2026 کیلئے ویزوں کے اجرا کا آغاز 8 فروری سے کیا جائیگا، سعودی وزارتِ حج و عمرہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)سعودی وزارتِ حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ حج 2026 کے لیے ویزوں کے اجرا کا آغاز 8 فروری سے کیا جائے گا۔
وزارت کے مطابق ویزوں کے اجرا کا یہ عمل معمول سے پہلے شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد حج انتظامات کو بروقت مکمل کرنا اور عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
وزارت نے بتایا کہ بیرونِ ملک سے آنے والے عازمین کو فراہم کی جانے والی تمام خدمات کے 100 فیصد معاہدے مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ مکہ مکرمہ میں رہائش سے متعلق تمام معاہدے نسک پلیٹ فارم کے ذریعے طے پا چکے ہیں۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق اب تک 7 لاکھ 50 ہزار عازمین کی رجسٹریشن ہو چکی ہے جبکہ 30 ہزار عازمین نے اپنے اپنے ممالک سے براہِ راست حج پیکجز بک کروالیے ہیں۔
وزارت کا کہنا ہے کہ اس ابتدائی مرحلے میں ویزوں کا اجرا حج کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کی عکاسی کرتا ہے جس سے انتظامات کو مزید منظم بنانے اور دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں عازمین کو فراہم کی جانے والی خدمات کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔



