پی آئی اے نجکاری: 700 ارب واجبات حکومت کے کھاتے میں، عوام پر مزید ٹیکس پڑے گا، مشیر خزانہ کے پی

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے پی آئی اے کی نجکاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے پر 700 ارب کے واجبات حکومت نے اپنے کھاتے میں رکھ لیے ہیں۔
مزمل اسلم نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری سے حکومت کو صرف 7.5 فیصد رقم ملے گی، 7.5 فیصد رقم بامشکل کنسلٹنٹ کی فیس کے برابر ہے۔
مشیر خزانہ خیبر پختونخوا نے کہا کہ پی آئی اے پر 700 ارب کے واجبات بھی حکومت نے اپنے کھاتے میں رکھ لیے، واجبات عوام پر مزید ٹیکس لگا کر پورے کیے جائیں گے۔
مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ بہرحال دیرآید درست آید، اس پر حکومت کریڈٹ نہیں قوم سے معافی مانگے۔
مزمل اسلم نے مزید کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری 2015 سے نامکمل تھی۔
خیال رہے کہ عارف حبیب کنسورشیم نے قومی ائیر لائن پی آئی اے کو 135 ارب روپے میں خرید لیا ہے۔
عارف حبیب کنسورشیم نے قومی ائیرلائن کی نجکاری کے لیے بولی کے تیسرے مرحلے میں 135 ارب روپے کی بولی لگائی اور پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز خریدنے میں کامیابی حاصل کی۔
لکی کنسورشیم 134 ارب روپے کی بولی کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔
اس سے قبل بولی کے پہلے مرحلے میں لکی کنسورشیم نے101.5 ارب روپےکی بولی لگائی تھی جب کہ ائیربلیو نے 26 ارب 50 کروڑ روپےکی بولی لگائی ۔عارف حبیب کنسورشیم گروپ نے 115 ارب روپےکی سب سے زیادہ بولی لگائی۔
دوسرے مرحلے میں لکی کنسورشیم نے 120.25ارب روپے کی نئی بولی لگائی جب کہ عارف حبیب کنسورشیم نے 121 ارب روپےکی نئی بولی لگائی۔



