نیویارک اور پیرس کے پی آئی اے ہوٹل نجکاری میں شامل نہیں، مشیر نجکاری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر نجکاری محمد علی کا کہنا ہےکہ نیویارک اور پیرس میں پی آئی اے کے ہوٹل نجکاری کا حصہ نہیں ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مشیر نجکاری محمد علی نے کہا کہ قومی ائیرلائن کی بولی میں ہماری توقع 120 ارب روپے تک تھی، جو بولی لگی وہ حکومت اور خریدنے والےکے لیے بھی بہتر ہے، 125 ارب روپے پی آئی اے میں جائیں گے۔
مشیر نجکاری محمد علی نے کہا کہ پی آئی اے کے 18طیارے ابھی آپریشنل ہیں، حکومت کئی سال سے قومی ائیرلائن بیچنےکی کوشش کر رہی تھی، کنسورشیم کامیاب ہوچکا اب ان کے لیے پارٹنر ڈھونڈنا مشکل نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ نیویارک اور پیرس میں پی آئی اے کے ہوٹل نجکاری کا حصہ نہیں۔ لاہور، اسلام آباد اور کراچی کے ائیرپورٹ ہم کھلی نیلامی کے ذریعے دیں گے، نجکاری سے متعلق 2026 میں مزید کامیابی دیکھیں گے، جتنا حکومت ان اداروں سے کما رہی تھی، نجکاری کے بعد اس سے زیادہ ٹیکس میں آئےگا۔
محمد علی کا مزید کہنا تھا کہ جب تک انرجی سیکٹرکی نجکاری نہیں ہوگی چیزیں بہتر نہیں ہوپائیں گی، قومی ائیرلائن کی نجکاری پر بہت اطمینان ہے اچھی قیمت پر ہوئی۔



