کراچی: پیٹرول مہنگا بیچنے پر شہریوں کا پمپ پر دھاوا، توڑ پھوڑ اور تشدد

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے باوجود کراچی کے ایک پیٹرول پمپ پر نئی قیمتوں کا اطلاق نہ کرنے پر شہری مشتعل ہو گئے۔
پولیس کے مطابق سرجانی ٹاؤن میں واقع پیٹرول پمپ پر شہریوں نے دھاوا بول دیا، ملازمین پر تشدد کیا اور پمپ کی املاک کو نقصان پہنچایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپ انتظامیہ کی جانب سے اضافی قیمت پر پیٹرول فروخت کیا جا رہا تھا، جس پر شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کی۔
واقعے کے بعد پیٹرول پمپ انتظامیہ نے پولیس سے رابطہ کیا، جبکہ سرجانی پولیس نے درخواست موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔



