عوام کو کوٹا کے مطابق پٹرول ملے گا،ایپ تیار

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی میں صوبوں کو شامل کرنے کے لیے صدرمملکت آصف علی زرداری کو اعتماد میں لیں گے اور اس سلسلے میں آج ملاقات کا امکان ہے جبکہ وفاقی حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی راشن بندی کے لیےڈیجیٹل نظام لا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج شام ایوان صدر میں صدرمملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کریں گے اور اس دوران پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی میں صوبوں کو شامل کرنے کے لیے انہیں اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر 100 ارب روپے کی سبسڈی دے چکی ہے، جس کے بینیفشری پورے ملک کے عوام ہیں اور وزیراعظم صوبائی حکومتوں سے بھی سبسڈی میں حصہ ڈالنے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی راشن بندی کے لیےڈیجیٹل نظام لا رہی ہے، حکومت ایک ایپ تیار کر رہی ہے جسے پیٹرولیم مصنوعات کے صارفین ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے اور ہر شہری اپنی گاڑی کا نمبر اور اپنا شناختی کارڈ نمبر درج کر کے ایپ میں رجسٹریشن کروائے گا۔



