اسرائیل، امریکا اور ایران کشیدگی، اوگرا کو پیٹرول، ڈیزل کے وافر ذخائر یقینی بنانے کی ہدایت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)ایران، امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایک دوسرے پر حملوں کے بعد ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کو محفوظ بنانے کیلیے الرٹ جاری کردیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق خلیجی خطے کی صورت حال کے پیش نظر وزارتِ توانائی نے اوگرا کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اوگرا کو ملک میں پیٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کے وافر ذخائر یقینی بنانے، خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر کڑی نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزارت توانائی نے سپلائی میں کسی بھی ممکنہ تعطل سے بچنے کے لیے اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ فوری عملدرآمد رپورٹ بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔
اس ضمن میں ڈائریکٹر جنرل آئل کی جانب سے تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو بھی مراسلہ جاری کیا گیا ہے جبکہ اوگرا کے ترجمان عمران غزنوی نے بتایا کہ ملک میں مناسب سٹاک موجود ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل اور ایران کے مشترکہ حملوں میں اب تک 51 شہری شہید جبکہ سیکڑوں زخمی ہیں جبکہ ایرانی سپریم لیڈر اور صدر مسعود پزشکیان کی رہائش گاہ کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔



