کفایت شعاری مہم :عوام سیرسپاٹوں میں مصروف، پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 12 فیصد اضافہ ریکارڈ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)عوام نے کفایت شعاری مہم کو اہمیت ہی نہ دی اور سیرسپاٹوں میں مصروف رہے جس کے سبب پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 12 فیصد سے زائد اضافہ ہوگیا، عوام نے حکومتی ریلیف کو بچت کے بجائے تفریح میں تبدیل کر دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق حکومت کی کفایت شعاری مہم کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 12 فیصد سے زائد اضافہ ہوگیا جب کہ یہ ایک ایسا اقدام تھا جس کا مقصد ملک کو معاشی دباؤ سے نکالنا اور اخراجات میں کمی لانا تھا۔
حکومت نے اس سلسلے میں کئی اہم فیصلے کیے جن میں اسکولوں میں تعطیلات، سرکاری اخراجات میں کمی اور توانائی کے استعمال کو محدود کرنے جیسے اقدامات شامل تھے لیکن حیران کن طور پر ان تمام کوششوں کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں بارہ فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
حقیقت یہ ہے کہ جہاں حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی، وہیں عوام کی بڑی تعداد نے اس موقع کو بچت کے بجائے تفریح میں تبدیل کر دیا۔
اسکولوں کی چھٹیوں اور دیگر سہولتوں کو استعمال کرتے ہوئے لوگ سیر و تفریح، سیاحت اور مختلف سرگرمیوں کی طرف راغب ہوئے جس کے باعث پٹرول کی کھپت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ رجحان اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کفایت شعاری صرف حکومتی پالیسیوں سے ممکن نہیں، بلکہ اس کے لیے عوامی شعور اور ذمہ داری بھی انتہائی ضروری ہے اگر عوام خود احتسابی کا مظاہرہ نہ کریں تو ایسے اقدامات کے مطلوبہ نتائج حاصل کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم صرف حکومت سے توقعات نہ رکھیں بلکہ خود بھی کفایت شعاری کو اپنی عادت بنائیں، کیونکہ قومیں اسی وقت ترقی کرتی ہیں جب حکومت اور عوام دونوں ایک ہی سمت میں قدم بڑھائیں۔



