پشاور زلمی نے بغیر کسی کھلاڑی کی ففٹی کے 218 رنز بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں پشاور زلمی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے راولپنڈیز کے خلاف ایک منفرد عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔

میچ میں پشاور زلمی نے 215 رنز کے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 218 رنز بنا کر کامیابی حاصل کی، تاہم حیران کن طور پر ٹیم کے کسی بھی کھلاڑی نے نصف سنچری (ففٹی) اسکور نہیں کی۔ اس طرح زلمی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی ہے جس نے کسی بھی بیٹر کی ففٹی کے بغیر اتنا بڑا ہدف حاصل کیا۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ میجر لیگ کرکٹ میں واشنگٹن فریڈم کے پاس تھا، جنہوں نے لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز کے خلاف 214 رنز کا ہدف بغیر کسی ففٹی کے حاصل کیا تھا۔

پشاور زلمی نے نہ صرف عالمی سطح پر نیا سنگ میل عبور کیا بلکہ پاکستان ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی ایک نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ زلمی کا 218 رنز کا مجموعہ پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ کی تاریخ میں بغیر کسی کھلاڑی کی ففٹی کے سب سے بڑا اسکور بن گیا ہے۔

اس سے قبل لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں نے اننگز  میں بغیر کسی ففٹی کے 209 رنز کا ریکارڈ بنایا تھا۔کرکٹ شائقین نے پشاور زلمی کی اس غیر معمولی کامیابی کو خوب سراہا ہے جہاں اجتماعی کارکردگی نے انفرادی اننگز پر سبقت حاصل کر لی۔

مزید خبریں

Back to top button