پشاور: ناردرن بائی پاس منصوبے کی تکمیل کیلئے 3.9 ارب روپے فراہم کرنے کا فیصلہ

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا حکومت نے ناردرن بائی پاس منصوبے کی تکمیل کیلئے 3.9 ارب روپے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت پشاور ناردرن بائی پاس منصوبے سے متعلق اجلاس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے زیر تعمیر نادرن بائی پاس منصوبے کی تکمیل کیلئے 3.9 ارب روپے بطور بریج فنانسنگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا، ناردرن بائی پاس پر دو انڈر پاسز اور ایک پل کی تعمیر کیلئے درکار ایک ارب روپے صوبائی حکومت کی جانب سے فراہم کئے جائیں گے۔

دوران اجلاس این ایچ اے حکام کی جانب سے منصوبہ جون 2026 تک مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ وفاق کی جانب سے ناکافی فنڈنگ کے باعث پشاور ناردرن بائی پاس 2010 سے ابتک مکمل نہ ہو سکا، وفاقی سطح پر تاخیر کے باعث خیبر پختونخوا کے ترقیاتی منصوبے سست روی کا شکار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ عوامی مفاد کا منصوبہ ہے، صوبائی حکومت اس کی جلد تکمیل کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی، منصوبے سے سفری سہولیات کے ساتھ ساتھ تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔

اجلاس کو منصوبے پر اب تک کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، دوران بریفنگ بتایا گیا کہ منصوبے پر اب تک 23.5 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں، مجموعی فنانشل پراگریس 85.6 فیصد ہے، پیکج ون پر فزیکل پراگریس 100 فیصد، پیکج ٹو پر 64 فیصد پراگریس ہو چکی ہے،پیکج تھری پر 86.6 فیصد، پیکج تھری اے پر 69 پر فزیکل پراگریس ہو چکی ہے۔

مشیر خزانہ مزمل اسلم ، ممبر نیشنل ہائی ویز، کمشنر پشاور اور متعلقہ صوبائی محکموں کے حکام اجلاس میں شریک تھے۔

مزید خبریں

Back to top button