پی ڈی ایم اے نے بارشوں کی پیشگوئی کردی،شمالی علاقہ جات کا سفر کرنےوالوں کو احتیاط کرنے کی ہدایت

پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں30دسمبر سے یکم جنوری تک بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے امکانات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایات بھی دے دی ہیں۔ذرائع کے مطابق پشاور، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ ہری پور، کرم اور خیبر سمیت صوبے کے اکثر اضلاع میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق برفباری کے باعث ناران، کاغان، دیر، سوات، مالاکنڈ اور کوہستان میں پھسلن کا خدشہ ہے۔ اسی طرح مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ اور گلگت بلتستان کے گلیات میں سڑکیں بند ہو سکتی ہیں یا پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں۔پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا بھی خطرہ موجود ہے۔ پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھنے، بل بورڈز اور سڑکوں کو محفوظ بنانے اور دریاؤں، ندیاں اور برساتی نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔



