خیرپور ناتھن شاہ:تعلقہ اسپتال میں سنگین غفلت،زخمی مریض گھنٹوں بے یار و مددگار تڑپتا رہا

خیرپور ناتھن شاہ(جانو ڈاٹ پی کے)تعلقہ اسپتال میں سنگین غفلت،زخمی مریض گھنٹوں بے یار و مددگار تڑپتا رہا.

خیرپور ناتھن شاہ کے تعلقہ اسپتال میں انتظامی غفلت اور بے حسی کا ایک اور افسوسناک واقعہ سامنے آ گیا، جہاں زخمی مریض طویل وقت تک علاج اور منتقل کرنے کی سہولت نہ ملنے کے باعث بے بسی کی حالت میں تڑپتا رہا۔اسپتال عملے کی عدم توجہی اور ایم ایس کے رویے نے صورتحال مزید سنگین بنا دی۔زخمی مریض کو فوری طور پر تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا تھاتاہم ایم ایس نے ایمبولینس میں تیل ڈلوانے سے انکار کر دیا، جس کے باعث مریض کو دوسرے اسپتال منتقل کرنے میں شدید تاخیر ہوئی۔لواحقین نے بارہا عملے اور انتظامیہ سے مدد کی اپیل کی مگر کوئی شنوائی نہ ہوئی۔

مریض کے لواحقین نے بے بسی کے عالم میں سوشل میڈیا کا سہارا لیا اور ویڈیو بنا کر مدد کی اپیل کی، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔ویڈیو میں مریض کی بگڑتی حالت اور اسپتال انتظامیہ کی بے حسی واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے، جس نے شہریوں اور سماجی حلقوں میں شدید غم و غصہ پیدا کر دیا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اسپتال انتظامیہ کی غفلت روزمرہ کا معمول بن چکی ہے، جس کے باعث مریض اذیت، ذلت اور شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ لوگوں نے سندھ حکومت، محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ غفلت برتنے والے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے۔

علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اسپتال کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں، تاکہ آئندہ کسی مریض کو بے حسی اور بدانتظامی کا شکار نہ ہونا پڑے۔

مزید خبریں

Back to top button