حکومت نے شادی شدہ خواتین کو پاسپورٹ پر والد کا نام برقرار رکھنے کی اجازت دیدی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)حکومت نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے شادی شدہ خواتین کو پاسپورٹ پر والد کا نام برقرار رکھنے کا اختیار دے دیا ہے۔ ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے پاسپورٹ اصلاحات کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
یہ اقدام لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر اٹھایا گیا، جس کے بعد پاسپورٹ کے فارمیٹ میں باقاعدہ ترمیم کر دی گئی ہے۔ نئی اصلاحات کے تحت خواتین کو قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) اور پاسپورٹ پر والد کا نام برقرار رکھنے کی سہولت حاصل ہوگی۔
حکام کے مطابق وزارت داخلہ اور وزارت قانون کی رہنمائی میں پاسپورٹ سسٹم کا سافٹ ویئر اپڈیٹ مکمل کر لیا گیا ہے۔ ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس مصطفیٰ جمال قاضی کی ہدایت پر متعلقہ نظام میں ضروری تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ ان اصلاحات سے خواتین کی شناخت، وقار اور خودمختاری کو تقویت ملے گی ۔



