یکم جولائی سے پاسپورٹ دفاتر میں نقد فیس ختم، صرف ڈیجیٹل ادائیگی قبول ہوگی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) حکومت نے پاسپورٹ کے اجراء کے نظام کو مزید جدید بنانے کے لیے یکم جولائی 2026 سے ملک بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں نقد فیس وصولی کا نظام ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت زونل سربراہان کے اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ آئندہ پاسپورٹ فیس صرف ڈیجیٹل ذرائع سے وصول کی جائے گی اور دفاتر میں نقد ادائیگی قبول نہیں کی جائے گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ درخواست گزار فیس کی ادائیگی کیو آر کوڈ کے ذریعے کر سکیں گے، جبکہ اس مقصد کے لیے جلد ہی نئی "پاسپورٹ موبائل ایپ” بھی متعارف کرائی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق اس ایپ کے ذریعے اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانی گھر بیٹھے پاسپورٹ کی درخواست جمع کرا سکیں گے اور تیار شدہ پاسپورٹ اپنی دہلیز پر وصول کر سکیں گے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس آئندہ صرف ای پاسپورٹس جاری کرے گا، تاہم موجودہ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس اپنی مقررہ مدت تک مکمل طور پر قابلِ استعمال اور بین الاقوامی سطح پر قابلِ قبول رہیں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل نظام سے شفافیت، سہولت اور خدمات کی فراہمی میں مزید بہتری آئے گی۔

مزید خبریں

Back to top button