پنجگور میں دہشتگردی کی بڑی سازش ناکام، سکیورٹی فورسز نے بھاری اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا

پنجگور(جانوڈاٹ پی کے)بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی کی ایک بڑی سازش ناکام بنا دی۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر پنجگور کے علاقے جیرک میں آپریشن کیا، جس کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، مواصلاتی سامان اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا۔

آپریشن کے دوران ایک گاڑی سے 4 راکٹ فیوز، متعدد دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) اور دیگر حساس مواد قبضے میں لیا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دھماکہ خیز مواد کسی بڑے دہشتگرد حملے میں استعمال کیے جانے کا خدشہ تھا۔

ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کی بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کے باعث دہشتگردوں کا مذموم منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، جس سے علاقے کو ممکنہ بڑے جانی و مالی نقصان سے بچا لیا گیا۔

سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف یہ کامیاب کارروائی اس عزم کا مظہر ہے کہ سکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن دشمن عناصر کے خلاف مسلسل متحرک ہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button