لاہور ٹیسٹ کا دوسرا روز:جنوبی افریقہ نے 6وکٹیں گنوادیں،نعمان علی پھر چھاگئے

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان2ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل اختتام پذیر ہوگیا۔
پاکستان کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کی پہلی اننگز کے378رنزکے جواب میں6وکٹوں پر216رنزبنالیے۔جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکرم45کےمجموعی اسکورپر20رنز بنا کرنعمان علی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ان کے بعد 80 کے مجموعی اسکور پر ویان ملڈر بھی نعمان علی کی گیند پر 17 رنز بنا کر محمد رضوان کو کیچ تھما بیٹھے۔ریان رکلنٹن71،اسٹبز8،بریوس صفراورویرین2رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے85رنزکے عوض4وکٹیں حاصل کیں جبکہ سلمان علی آغا اور ساجد خان نے ایک،ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔ جنوبی افریقا کو پاکستان کی پہلی اننگز کا اسکور پورا کرنے کیلئے مزید 162رنزدرکار ہیں۔ٹونی ڈی زورزی81اورمتھوسامے6رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔
پاکستان کی اننگز
اس سے قبل پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 313 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر کیا تو محمد رضوان 62 اور سلمان علی آغا 52 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔محمد رضوان 362 کے مجموعے پر 75 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد اسی اوور میں نعمان علی اور ساجد خان بھی کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے، تینوں کھلاڑیوں کو سینوران متھوسامے نے آؤٹ کیا۔سلمان علی آغا نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور 93 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شاہین شاہ آفریدی 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پوری پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں378رنزپر پویلین لوٹ گئی
جنوبی افریقا کی جانب سے متھوسامے نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ پرینیلان سبراین نے دو وکٹیں حاصل کی۔ کگیسو ربادا اور سائمن ہارمر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔



