پاکستان کا بھارت کیخلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ بی سی سی آئی کیلئے بہت بڑا دھچکا ہے،بھارتی رکنِ پارلیمنٹ

نیودہلی(جانوڈاٹ پی کے)بھارت کی رکن پارلیمنٹ پریانکا چتُر ویدی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے کو بی سی سی آئی کے لیے دھچکا قرار دے دیا۔

پریانکا چتُر ویدی کے ایک انٹرویو کا کلپ سوشل میڈیا کی زینت بنا ہوا ہے۔

انہوں نے پاک بھارت میچ سے متعلق فیصلہ سازی میں کمزوری دکھانے پر بھارت پر سخت تنقید کی۔

پریانکا چتُر ویدی نے کہا کہ یہ بھارت کے وزیرِ کھیل اور بی سی سی آئی کے منہ پر طمانچہ ہے کہ آئی سی سی میں سب سے مضبوط اور امیر ترین ادارہ ہونے کے باوجود آج ان کا بائیکاٹ کیا جا رہا ہے۔

رکنِ پارلیمنٹ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے، پی سی بی پینلٹی اور فائن دینے سمیت اس فیصلے کے بعد ہونے والے اثرات کے لیے بھی تیار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت وہ مؤقف اختیار نہ کر سکا جو اسے وقت پر کرنا چاہیے تھا ۔

واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان نے اتوار 15 فروری کو بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا تھا۔

بھارتی میڈیا نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو تاحال باضابطہ طور اپنے پلیٹ فارم سے آگاہ کرنے کی کارروائی مکمل نہیں کی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button