پاکستان اور امریکا کے تعلقات تاریخ کی مضبوط ترین سطح پر،اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری تیار

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان اور امریکا کے تعلقات تاریخ کی مضبوط ترین سطح پرپہنچ گئے،پاکستان میں امریکا کی اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری بھی جلد متوقع ہے۔

امریکی سفارتخانے کے منسٹر کاؤنسلر برائے پبلک ڈپلومیسی اینڈی ہیلس نے کہا ہے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان مضبوط، خوشگوار اور باہمی احترام پر مبنی روابط دونوں ممالک کے تعلقات کی مستحکم بنیاد کی عکاسی کرتے ہیں۔اینڈی ہیلس نے انکشاف کیا کہ امریکی حکومت کے ایگزم بینک کے اشتراک سے پاکستان کے اہم معدنی منصوبے ریکوڈک میں کئی ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مائنز اینڈ منرلز کے شعبے میں امریکی نجی کمپنیوں کی دلچسپی تیزی سے بڑھ رہی ہے جو پاک امریکا اقتصادی تعاون میں اضافے کی علامت ہے۔

امریکی سفارتکار کے مطابق سرمایہ کاری کے حتمی فیصلے نجی امریکی کمپنیاں خود کرتی ہیں،تاہم امریکی سفارتخانے میں ریکوڈک منصوبے کے حوالے سے غیر معمولی دلچسپی پائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی کمپنیاں جہاں سرمایہ کاری کرتی ہیں وہاں مقامی باصلاحیت افرادی قوت کو ترجیح دیتی ہیں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرتی ہیں۔

اینڈی ہیلس نے تعلیم کو پاک امریکا تعلقات کا بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں فل برائٹ پروگرام کو75برس مکمل ہو چکے ہیں اور اب تک 9 ہزار سے زائد پاکستانی طلبہ امریکا کی ممتاز جامعات سے تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی نوجوانوں کو یو ایس ای ایف پی اور ایجوکیشن یو ایس اے کے مفت تعلیمی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔

مزید خبریں

Back to top button