متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو پھر2ماہ کی چھوٹ دے دی،2ارب ڈالر کا قرضہ رول اوور

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے)متحدہ عرب امارات نے اصولی طور پر پاکستان کے2ارب ڈالر کے ڈپازٹ میں 2ماہ کی مختصر مدت کے لیے توسیع (رول اوور)پر اتفاق کر لیا۔ذرائع کے مطابق یو اے ای نے17اپریل2026تک دو ماہ کے لیے اس رقم کو رول اوور کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔یہ یقین دہانی اس وقت کرائی گئی جب نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے رواں ہفتے اعلیٰ اماراتی حکام سے رابطہ کیا۔اعلیٰ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ عرب امارات نے یہ مختصر مدتی توسیع 6.5 فیصد شرح سود پر دی ہے۔پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین تیسرے جائزہ مذاکرات سے امارات کے اس اقدام کو اہم قراردیاجارہاہے،یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک ماہ کی سابقہ توسیع ختم ہونے میں محض چار دن باقی تھے۔
متحدہ عرب امارات کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے بعد اسلام آباد دوبارہ طویل مدتی رول اوور کے لیے رابطہ کرے گا۔



