فیفا سیریز2026 کیلیے پاکستان ویمنز فٹبال ٹیم کے گروپ کا اعلان کر دیا گیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)فیفا سیریز 2026 کے لیے پاکستان ویمنز فٹ بال ٹیم کے گروپ کا اعلان کر دیا گیا، پاکستان کی خواتین فٹبال ٹیم کو آئیوری کوسٹ گروپ میں شامل کیا گیا۔
فیفا ویمنز سیریز مارچ اور اپریل میں منعقد کی جائے گی جس کے افتتاحی میچز برازیل، آئیوری کوسٹ اور تھائی لینڈ میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے مطابق قومی ٹیم اپنے گروپ میں موریتانیا (افریقی کنفڈریشن) اور ٹرکس اینڈ کیکوس آئلینڈز کے خلاف مقابلہ کرے گی۔ میچوں کا مکمل شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔
فیفا سیریز ایسے ممالک کے لیے فٹبال میں بین الاقوامی تجربہ فراہم کرنے کے لیے منعقد کی جاتی ہے جن کی ٹیمیں عالمی کپ میں فائنل مرحلے تک نہیں پہنچ پاتیں۔ اس سیریز میں خواتین ٹیموں کا حصہ لینا پاکستان کے فٹبال کے لیے ترقی کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔
پی ایف ایف کے صدر محسن گیلانی نے کہا کہ یہ پاکستان خواتین ٹیم کے لیے ایک نیا باب ہے اور اُمید ہے کہ اس سے کھیل کی ترقی اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مواقع بڑھیں گے۔



