جنوبی افریقہ کے خلاف ہائی سکورنگ میچ، پاکستان ویمن ٹیم نے تاریخ رقم کردی

سنچورین (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی خواتین کی قومی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ون ڈے ہائی اسکورنگ میچ میں تاریخ رقم کردی ہے۔ پاکستان نے اپنی تاریخ کی سب سے بڑی اننگز کھیل کر جنوبی افریقہ کی برتری کو چیلنج کیا تاہم مخالف ٹیم نے 16رنز کی برتری سے میچ اپنے نام کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 362 رنز کا ہدف دیا تھا، میچ میں جیت کے بعد جنوبی افریقہ کو سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہوگئی۔ سنچورین کے سپر اسپورٹ پارک میں بدھ کی شب کھیلے گئے ون ڈے میچ میں عائشہ ظفر کی بیٹنگ سب سے شاندار رہی۔

قومی ٹیم کی عائشہ ظفر نے سب سے زیادہ 75 رنز بنائے، صدف شمس نے 61 رنز، کپتان فاطمہ ثنا نے 52 رنز بنا کر نصف سنچری اسکور کی جبکہ سیؔدہ عروب شاہ اور ڈائنا بیگ سمیت دیگر کھلاڑیوں نے بھی قیمتی رنز جوڑ کر پاکستان کو ریکارڈ توڑنے کے قریب پہنچا دیا۔

ابتدائی اوورز میں خاص طور پر صدف شمس اور عائشہ ظفر کی شراکت داری پاکستان کیلئے اہمیت کی حامل رہی جس نے 87گیندوں پر 97قیمتی رنز جوڑے۔ جنوبی افریقہ کی نونڈومیسوشنگا سے اور اینری ڈریکسن نے اہم وکٹس لے کر پاکستان کو 6وکٹس کے ساتھ 199رنز پر محدود کردیا۔

تاہم کپتان فاطمہ ثنا نے عروب شاہ کے ہمراہ ساتویں وکٹ کی شراکت داری میں 81رنز بنائے۔ تاہم قومی ٹیم 49.5اوورز میں 345رنز بنا کر آؤٹ ہوئی جو پاکستان کی ون ڈے کی تاریخ کی سب سے بڑی اننگز ہے۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ نے 362رنز بنائے تھے جو ساؤتھ افریقن ٹیم کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا مجموعہ رہا۔

جنوبی افریقہ کی ڈیرکسن نے سب سے زیادہ 90 رنز بنائے، تازمین برٹس 77 رنز بنانے والی ایک اور جارحانہ بیٹر رہیں جبکہ نادین ڈی کلرک اور کلوئی ٹرائیون کی جارحانہ بیٹنگ سے بھی پاکستان کیلئے میچ جیتنا مشکل سے مشکل تر ہوتا چلا گیا۔ پاکستان کی سعدیہ، فاطمہ اور عروب نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

مزید خبریں

Back to top button