ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان، ایڈوائزری جاری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں 18 دسمبر تک کیلئے بارش اور برفباری کی پیش گوئی کر دی۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ڈی ایم اے) نے آج سے اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع ابرآلود رہنے اور 18 دسمبر تک بارش برفباری اور موسم سے متعلق ایڈوائزری جاری کی ہے، مری، گلیات اور گرد و نواح میں مطلع ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔
بالائی خیبرپختونخوا، کوہستان، گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے، جبکہ آزاد جموں و کشمیر، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 13 سے 15 دسمبر مغربی ہواؤں کا سلسلہ شمالی و مغربی علاقوں میں اثر انداز ہوگا، موسمی صورتحال کے باعث دھند کی شدت میں بھی اضافہ متوقع ہے، میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش، پہاڑی اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے، کوہستان، بالائی خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کا امکان ہے، پہاڑی راستوں پر ٹریفک کی روانی متاثر اور بعض مقامات پر سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے۔
کوئٹہ، زیارت، شمال مغربی بلوچستان کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش، پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔
بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن کے باعث ٹریفک روانی متاثر ہونے کا امکان ہے، شمالی علاقوں میں متعدد مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی برفباری متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سیاح اور مسافر پہاڑی علاقوں کے غیرضروری سفر سے گریز کریں۔



