پاکستان ازبکستان اقتصادی بریک تھرو ، تجارت 2 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق، 3.4 ارب ڈالر کے معاہدے اہم پیشرفت قرار

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان باہمی تجارت کا حجم 2 ارب ڈالر تک لے جانے پر اتفاق ہو گیا ہے، جبکہ نجی شعبوں کے درمیان 3 ارب 40 کروڑ ڈالر کے معاہدوں پر عملدرآمد کو اہم پیشرفت قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ازبک کمپنیوں کو پاکستان میں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے پاکستان–ازبکستان بزنس فورم اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف نے شرکت کی۔
بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان، ازبکستان کے کاروباری وفود کو خوش آمدید کہتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات اور تجارتی روابط میں اضافہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کے درمیان 3.4 ارب ڈالر کے معاہدوں پر عملدرآمد ایک بڑی کامیابی ہے، جبکہ گزشتہ بزنس فورم کے نتیجے میں باہمی تجارتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بزنس فورم باہمی اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران 450 ملین ڈالر کی تجارتی سرگرمیاں ممکن ہوئیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں مزید اضافے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور ازبکستان نے سائنس، ٹیکنالوجی، توانائی، زراعت اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی کو کم کرکے سنگل ڈیجٹ میں لایا، پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی کی گئی اور 2023 میں درپیش شدید معاشی چیلنجز پر کامیابی سے قابو پایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئی ٹی سیکٹر تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ازبک صدر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ازبکستان کی مجموعی قومی پیداوار گزشتہ 10 برسوں میں دوگنا ہوئی، 85 لاکھ افراد کو غربت سے نکالا گیا اور بیروزگاری میں نمایاں کمی آئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ازبک کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے لیے محفوظ اور پرکشش ماحول فراہم کرے گا۔



