ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے، جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نور خان ایئربیس پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

نور خان ایئربیس پہنچنے پر ازبک صدر کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی، جبکہ روایتی ثقافتی ملبوسات میں ملبوس بچوں نے گلدستے پیش کیے۔ اس موقع پر بچوں نے پاکستان اور ازبکستان کے پرچم بھی تھام رکھے تھے، جس سے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کی عکاسی ہوئی۔

استقبالی تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی ہارون اختر خان بھی موجود تھے، جبکہ ازبک صدر کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان پہنچا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق صدر شوکت مرزیایوف اپنے دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کریں گے، جبکہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ ازبک صدر پاکستان۔ازبکستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے۔ مذاکرات میں تجارت، توانائی اور دفاعی تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوگی، جبکہ تعلیم، عوامی روابط اور علاقائی رابطہ کاری کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ صدر شوکت مرزیایوف کا یہ پاکستان کا دوسرا دورہ ہے، جو پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تیزی سے مضبوط ہوتے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ روابط کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق متوقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button