پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ: پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کا کرایوں میں 3 فیصد اضافے کا اعلان

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے پٹرولیم مصنوعات کی حالیہ قیمتوں میں اضافے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ملک بھر میں مال برداری کے کرایوں میں 3 فیصد اضافہ کا اعلان کر دیا ہے۔

ملک شہزاد اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ قابلِ مذمت ہے اور اس کے اثرات ہر پاکستانی پر براہِ راست پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایندھن کی قیمت میں اضافہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کے اخراجات میں اضافے کا سبب بنتا ہے، جس کی وجہ سے کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہے، جبکہ وفاقی اور پنجاب حکومت کی پالیسیاں ٹرانسپورٹرز پر شدید دباؤ ڈال رہی ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومتیں ٹرانسپورٹرز کو مشکلات میں دھکیلنا چاہتی ہیں، اور مسائل کے حل کے لیے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ ملک شہزاد اعوان نے بتایا کہ سابقہ ملک گیر ہڑتال کے دوران وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ اور وفاقی وزیر مواصلات کے ساتھ کیے گئے معاہدوں پر ابھی تک عملدرآمد نہیں ہوا، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب اور وزیر ٹرانسپورٹ کی جانب سے کیے گئے وعدے بھی پورے نہیں کیے گئے۔

صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے خبردار کیا کہ اگر وعدوں پر فوری عمل نہ ہوا تو ملک گیر پرامن ہڑتال کی جائے گی، جس کی تمام ذمہ داری وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر عائد ہوگی۔ انہوں نے وفاقی، پنجاب اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہڑتال کے دوران طے پانے والے معاہدوں پر فوری عملدرآمد کیا جائے تاکہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کے مسائل کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

مزید خبریں

Back to top button