پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، ہنڈرڈ انڈیکس 159,000 پوائنٹس کی سطح پر بحال

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج کاروباری ہفتے کے چوتھے روزکاروبار کے آغاز پر زبردست تیزی ریکارڈکی گئی اورہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 59 ہزار پوائنٹس کی سطح پر بحال ہوگیا۔
آج کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی،3000سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 59 ہزار کی سطح بحال ہوگئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر 100 انڈیکس 1354 پوائنٹس کمی کے ساتھ ایک لاکھ 55 ہزار 777 پوائنٹس کی حد پر بند ہوا تھا۔
انٹر بینک میں امریکی ڈالرکی قدر میں بھی 2 پیسے کمی ہوئی ہے اور ڈالر279.42 روپے سے کم ہو کر 279.40 روپے کا ہوگیا۔
دوسری جانب ایشیائی سٹاک مارکیٹوں میں بھی تیزی دیکھنے میں آئی ہے،جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس 10.4 فیصد اضافے کے ساتھ سرفہرست رہا، جاپان کے نکی انڈیکس میں 2.9 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ چین کا سی ایس آئی 300 انڈیکس تقریباً 1 فیصد اوپر گیا۔ ہانگ کانگ کے ہانگ سینگ انڈیکس میں بھی تقریباً ایک فیصد کا اضافہ ہواجبکہ تھائی لینڈ سیٹ انڈیکس میں بھی تقریباً 2 فیصد کا اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔



