پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا جس سے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 57 ہزار 962 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
تاہم ٹریڈنگ کے دوران ہنڈرڈ انڈیکس 2000 سے زائد پوائنٹس کم ہو کر ایک لاکھ 54 ہزار 790 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس 5 ہزار 159 پوائنٹس بڑھ کر ایک لاکھ 57 ہزار 132 پوائنٹس کی حد پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب امریکا، اسرائیل اور ایران کے حملوں کے بعد ایشیائی سٹاک مارکیٹس میں مسلسل تیسرے روز بھی مندی دیکھی جا رہی ہے، جس کے باعث سرمایہ کاروں نے کمپنیوں کے شیئرز فروخت کرنا شروع کر دیئے ہیں۔
جنوبی کوریا کے کوسپی انڈیکس میں ایک دن میں 4 فیصد کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی، کوسپی انڈیکس میں 2 دن میں مجموعی طور پر 11 فیصد سے زائد گراوٹ دیکھی گئی، جبکہ جاپان کا نکی انڈیکس بھی 2.5 فیصد گر گیا۔
ادھر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں، برینٹ خام تیل 83 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ گیا جبکہ سونے کی فی اونس قیمت 88 ڈالر اضافے سے5 ہزار 176 ڈالر ہوگئی، یورپ میں بھی گیس کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔



