پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ توڑ تیزی، ہنڈرڈ انڈیکس 186,768 پوائنٹس تک پہنچ گیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سرمایہ کاروں کے اعتماد کے بحال ہونے کے ساتھ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ توڑ تیزی کا سلسلہ جاری ہے۔ کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی سٹاک ایکسچینج کے آغاز پر زبردست خریداری دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 86 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔
ٹریڈنگ کے دوران 1,700 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 86,768 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ اہم شعبوں میں آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینک، فرٹیلائزر، تیل و گیس، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں، بجلی کی پیداوار اور ریفائنری میں بھرپور خریداری دیکھی گئی۔ اس دوران حبکو، ماری، پول، پی پی ایل، پی اے او ایس، ایس ایس جی سی، وافی، ایچ بی ایل، میزان بینک، نیشنل بینک اور ایم سی بی مثبت زون میں رہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر 2,653 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 85,062 پوائنٹس کی تاریخی سطح پر بند ہوا تھا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں یہ تیزی رواں ماہ کے آخر میں ہونے والے مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں پالیسی ریٹ میں کمی کی توقع سے وابستہ ہے۔



