راولپنڈی ٹیسٹ میچز کے دوران شہری کون سے متبادل راستے اختیار کریں؟ٹریفک پلان جاری

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق 20 اکتوبر سے 29 اکتوبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹیسٹ میچز شیڈول ہیں، جن کے دوران اسلام آباد سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم تک ٹیموں کی موومنٹ ہوگی۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا ہے اور 310 افسران کو تعینات کیا گیا ہے۔
مارگلہ روڈ سے کھنہ کی طرف سفر کرنے والے شہری فیصل ایونیو سے بلیو ایریا اور کلب روڈ یا لہتراڑ روڈ استعمال کریں، جبکہ سیکٹرز جی نائن، جی ٹین، جی الیون اور ترنول کی جانب جانے والے فیصل ایونیو سے ایف ٹین والا روڈ اختیار کریں۔ راولپنڈی صدر سے اسلام آباد آنے والے شہری پشاور موڑ سے سری نگر ہائی وے استعمال کریں، اور آئی جے پی روڈ سے آنے والے سبزی منڈی روڈ کو ترجیح دیں۔
ترجمان کے مطابق موومنٹ کے دوران خصوصاً دفتری، اسکول اور رش کے اوقات میں ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر ٹریفک متاثر ہوسکتی ہے۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ اضافی وقت کے ساتھ سفر کریں اور تحمل کا مظاہرہ کریں۔ اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا پیجز اور ایف ایم 92.4 پر ٹریفک سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں گی، جبکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پکار 15 یا ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔



