پاکستان کا بڑھتا سفارتی قد،دنیا حیران،بھارت پریشان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کی ہولناکیوں اور عالمی منظر نامے پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے سفارتی قد نے جہاں دنیا کو حیران کر دیا ہے وہیں بھارتی قیادت شدید بوکھلاہٹ اور جھنجھلاہٹ کا شکار نظر آتی ہے
حالیہ آل پارٹیز میٹنگ کے دوران بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کی جانب سے پاکستان کو محض ایک ‘بروکر’ قرار دینا ان کی اسی سفارتی ناکامی کا اعتراف ہے۔مئی کے مس ایڈونچر میں منہ کی کھانے کے بعد بھارت اس خطے میں اپنی اجارہ داری کھو چکا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کو دی جانے والی تازہ دھمکی اور ‘وقت ختم ہونے’ کا الٹی میٹم درحقیقت ان کی اپنی پریشانی کا عکاس ہے، کیونکہ وہ کسی بھی صورت اگلے چار سے چھ ہفتوں میں اس جنگ سے جان چھڑانا چاہتے ہیں۔ پاکستان میں منعقدہ حالیہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی ویڈیوز میں صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی باڈی لینگویج انتہائی سنجیدہ اور تشویش ناک نظر آئی، جس کی بنیادی وجہ جنگ کے پاکستان کی معیشت، خاص طور پر توانائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر پڑنے والے اثرات ہیں۔ اجلاس میں توانائی کے تحفظ اور مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات پر غور کیا گیا، جبکہ پاکستان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ وہ عالمی امن کے لیے امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں مذاکرات کی میزبانی کیلئے تیار ہے۔




