پاک بحریہ نے علاقائی خطرات کے باعث آپریشن محافظ البحرکا آغاز کردیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)پاک بحریہ نے علاقائی خطرات کے باعث  آپریشن محافظ البحرکا  آغاز کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقائی سمندری سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال اور اہم بحری راستوں میں ممکنہ خلل کے پیش نظر  پاک بحریہ نے قومی جہاز رانی اور سمندری تجارت کو درپیش کثیر جہتی خطرات سے نمٹنے کے لیے آپریشن محافظ البحر شروع کردیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ  اس اقدام کا مقصد قومی توانائی کی ترسیل کے بلا تعطل بہاؤ اور سمندری مواصلاتی راستوں (Sea Lines of Communication – SLOCs) کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے اسکارٹ آپریشنز، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کے ساتھ قریبی تعاون اور  رابطے میں انجام دیے جا رہے ہیں۔ پاک بحریہ موجودہ سمندری صورتحال سے پوری طرح باخبر ہے اور تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ ان کی محفوظ اور  پرامن آمد و رفت کو یقینی بنایا جاسکے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ  چونکہ پاکستان کی تقریباً 90 فیصد تجارت سمندر کے ذریعے انجام پاتی ہے، اس لیے اس آپریشن کا بنیادی مقصد اہم سمندری راستوں کو محفوظ  اور مستحکم  رکھنا ہے۔ اس وقت پاک بحریہ کے جہاز  دو تجارتی جہازوں کو  تحفظ فراہم کر رہے ہیں، جن میں سے ایک کے آج کراچی پہنچنے کی توقع ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ پاک بحریہ ابھرتے ہوئے سمندری سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور قومی جہاز رانی کے تحفظ اور علاقائی سمندری سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

مزید خبریں

Back to top button