پاک بحریہ کے ایل وائی-80 میزائل کے کامیاب تجربے پر صدر، وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ کی مبارکباد

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاک بحریہ کےایل وائی اسی میزائل کے کامیاب تجربے پر صدرمملکت، وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ نے مبارک باد دیتے ہوئے پیغام جاری کیا کہ پاک بحریہ جدید ٹیکنالوجی سے بحری سرحدوں کو ناقابل تسخیر بنا رہی ہے۔
صدرمملکت آصف علی زرداری نے کامیاب تجربے پر پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کامیاب اوپن سی ٹرائلز ملک کی سمندری حدود کے دفاع کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ صدرمملکت نے پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاری کی تعریف بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی پاک بحریہ کے لوئٹرنگ میونیشن کے کامیاب تجربے کی پزیرائی کی۔ میزائل اور میونیشن کی تیاری میں شریک ٹیم کی کاوشوں کو سراہا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں پاک بحریہ بہترین فورس بن چکی ہے ۔ پاک بحریہ کے خودکار نظام کی مؤثر کارکردگی کلیدی اہمیت کی حامل ہے ۔ وزیرِاعظم نے یو ایس وی کا کھلے سمندر میں کامیاب تجربہ بھی اہم سنگ میل قرار دیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی پاک بحریہ کےسائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی اور کہا فیلڈ مارشل اور نیول چیف کی قیادت میں پاکستان کو دفاعی میدان میں ایک اورکامیابی ملی۔ میزائل کے کامیاب تجربے پر پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔



