کرسمس پر توڑ پھوڑ، بھارت میں اقلیتوں پر ظلم و ستم نہایت تشویشناک ہے، دفتر خارجہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کی وزارت خارجہ نے بھارت میں کرسمس پر توڑ پھوڑ کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں پر ظلم و ستم نہایت تشویشناک امر ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ بھارت میں کرسمس کے موقع پر توڑ پھوڑ کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں، کرسمس کے موقع پر ایسے واقعات ریاستی سرپرستی میں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں ریاستی سرپرستی میں مسلمانوں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے، بھارت میں مسلمانوں کے گھروں کو مسمار کیا جارہا ہےان تمام واقعات سے مسلمانوں میں خوف اور بیگانگی کا احساس مزید گہرا ہوا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری کو اقلیتوں پر ظلم و ستم کے واقعات کا نوٹس لینا چاہئے، عالمی برادری بھارت میں اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے مناسب اقدامات کرے۔

خیال رہے کہ بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ 25 دسمبر کو بھارت کے مختلف حصوں میں کرسمس کی تقریبات کو ہندوتوا سے منسلک انتہا پسند عناصر کی جانب سے نشانہ بنایا گیا، متعدد مقامات پر مسیحی برادری کی مذہبی تقریبات میں مداخلت کی گئی اور سجاوٹ کو نقصان پہنچایا گیا۔

ساؤتھ ایشیا ٹائمز کے مطابق ریاست آسام کے ضلع نلباڑی میں واقع سینٹ میری سکول میں توڑ پھوڑ کی گئی جبکہ پانیگاؤں میں بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد سے منسلک افراد پر تشدد اور ہنگامہ آرائی کے الزامات سامنے آئے ہیں۔

چھتیس گڑھ کے دارالحکومت رائے پور میں میگنیٹو مال میں کرسمس کے موقع پر کی گئی سجاوٹ کو نقصان پہنچایا گیا، ریاست کیرالہ کے ضلع پالکّاڈ میں بچوں کے کرسمس کیرول گروپ پر حملے کی بھی اطلاع دی گئی ہے، جس کا الزام ایک آر ایس ایس کارکن پر عائد کیا جا رہا ہے۔

ساؤتھ ایشیا ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حالیہ برسوں میں بھارت میں مذہبی اقلیتوں، خصوصاً مسلم اور مسیحی برادری کے خلاف پرتشدد واقعات میں اضافہ ہوا ہے، ان واقعات کے بعد سوشل میڈیا پر اقلیتوں کے جان و مال کے تحفظ اور مذہبی آزادی کے بارے میں تشویش مزید بڑھ گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button